جمعہ 13 نومبر 2026 - 15:32
عہدِ فاطمی سے عصرِ حاضر تک؛ حضرت فاطمہ زہرا ؑ کی سیرت آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، آغا مجتبیٰ عباس موسوی

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان کے جنرل سکریٹری حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے امام بارگاہ یاگی پورہ، ماگام میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں تقویٰ کی اہمیت، سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور معاشرے میں اخلاقی و دینی اقدار کے فروغ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انجمن شرعی شیعیان کے جنرل سکریٹری حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے امام بارگاہ یاگی پورہ، ماگام میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں تقویٰ کی اہمیت، سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور معاشرے میں اخلاقی و دینی اقدار کے فروغ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

خطبۂ نمازِ جمعہ ماگام؛ سیدہ کائنات تمام زمانوں اور جہانوں کی خواتین کے لیے اعلیٰ ترین نمونۂ: آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی

انہوں نے عوامی زندگی میں دیانت داری، ذمہ داری اور جواب دہی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے خطاب کے آغاز میں تقویٰ کو ایمان کی اساس اور انسانی کردار کی تعمیر کا بنیادی سرچشمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی تقویٰ محض ایک مذہبی اصطلاح نہیں بلکہ ایک عملی وصف ہے، جو انسان کے کردار، گفتار، معاملات اور طرزِ زندگی میں نمایاں ہونا چاہیے۔

امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے فرامین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تقویٰ ہی وہ صفت ہے جو انسان کو اخلاقی بلندی، نیکی، سخاوت، دیانت داری اور حسنِ سلوک کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔

خطاب کا ایک اہم حصہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عظیم روحانی مقام و مرتبے اور آپ کی بے مثال شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے متعلق تھا۔

آغا مجتبیٰ عباس موسوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے لقب ’’محدّثہ‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول روایات کا حوالہ دیا اور فرشتوں کے ساتھ آپ کے خصوصی روحانی رابطے اور مکالمے کی تفصیلات بیان کیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ خصوصی مقام ہرگز منصبِ نبوت کا مفہوم نہیں رکھتا اور عقیدۂ ختمِ نبوت کے منافی نہیں، بلکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی غیر معمولی روحانی عظمت، طہارت اور منزلت کا مظہر ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت اور اس پر غیر متزلزل ایمان کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

خطبۂ نمازِ جمعہ ماگام؛ سیدہ کائنات تمام زمانوں اور جہانوں کی خواتین کے لیے اعلیٰ ترین نمونۂ: آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی

آغا مجتبیٰ عباس موسوی نے اسلامی تاریخ کی چار عظیم خواتین، حضرت مریم سلام اللہ علیہا، حضرت آسیہ سلام اللہ علیہا، حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی سیرت کو ایمان، ایثار، استقامت اور بندگیِ خدا کے اعلیٰ نمونوں سے تعبیر کیا۔

انہوں نے بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے منفرد مقام کو اجاگر کرتے ہوئے آپ کو تمام زمانوں اور جہانوں کی خواتین کے لیے اعلیٰ ترین نمونۂ عمل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ عبادت، عفت و پاکیزگی، علم و معرفت، صبر و استقامت، شجاعت اور حق پر ثابت قدمی کا جامع نمونہ ہے۔ آپ کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو بحیثیتِ ماں اور مربّی بھی ہے۔

آغا مجتبیٰ عباس موسوی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے ایسی عظیم ہستیوں کی تربیت فرمائی جن میں امام حسن علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اور حضرت ام کلثوم سلام اللہ علیہا شامل ہیں، جنہوں نے اسلامی تاریخ میں اپنی لازوال خدمات اور کردار سے ایک روشن باب رقم کیا۔

خطبۂ نمازِ جمعہ ماگام؛ سیدہ کائنات تمام زمانوں اور جہانوں کی خواتین کے لیے اعلیٰ ترین نمونۂ: آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی

انہوں نے خاندانوں، بالخصوص خواتین پر زور دیا کہ وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو اپنی عملی زندگی، بچوں کی تربیت اور معاشرتی اقدار کی تشکیل میں مشعلِ راہ بنائیں۔

انہوں نے خاندانی زندگی میں باہمی حقوق کی پاسداری، ذمہ داریوں کی ادائیگی اور ازدواجی تعلقات کو اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے مطابق استوار کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقی روحانی و اخلاقی بلندی اسی وقت ممکن ہے جب انسان اپنی روزمرہ زندگی، گھریلو معاملات اور معاشرتی روابط میں بھی دینی تعلیمات پر عملی طور پر کاربند ہو۔

خطبۂ جمعہ کے دوسرے حصے میں سورۂ عصر کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے آغا مجتبیٰ عباس موسوی نے واضح کیا کہ انسانی کامیابی اور نجات کا راستہ ایمان، اعمالِ صالحہ، حق کی تلقین اور صبر کی باہمی تاکید میں مضمر ہے۔

انہوں نے اہلِ ایمان پر زور دیا کہ وہ محض زبانی ہمدردی تک محدود رہنے کے بجائے ضرورت مندوں، مریضوں اور مشکلات سے دوچار خاندانوں کی عملی مدد کے لیے آگے آئیں۔ صدقہ و خیرات، سخاوت اور دکھی انسانیت کی خدمت کو انہوں نے دینی و اخلاقی ذمہ داری قرار دیا۔

دینی اور معاشرتی موضوعات کے ساتھ آغا مجتبیٰ عباس موسوی نے عوامی انتظامیہ، بدعنوانی اور سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق اہم امور کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خزانہ ایک امانت ہے اور اس کے وسائل کا استعمال مکمل شفافیت، دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ صرف عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہونا چاہیے۔

انہوں نے سرکاری افسران، انتظامی حکام، انجینئروں اور دیگر متعلقہ اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائضِ منصبی کو محض ملازمت یا تنخواہ کے حصول کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ انہیں عوامی خدمت اور اجتماعی فلاح کی اہم ذمہ داری کے طور پر انجام دیں۔

خطبۂ نمازِ جمعہ ماگام؛ سیدہ کائنات تمام زمانوں اور جہانوں کی خواتین کے لیے اعلیٰ ترین نمونۂ: آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی

ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص سڑکوں اور پلوں کی تعمیر و مرمت میں منصوبہ بندی، تکنیکی مہارت، انجینئرنگ کے معیارات اور تعمیراتی معیار کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناقص منصوبہ بندی، غیر معیاری تعمیرات اور انتظامی غفلت نہ صرف عوامی وسائل کے ضیاع کا سبب بنتی ہیں بلکہ عام شہریوں کے لیے مشکلات بھی پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری اخراجات حقیقی معنوں میں عوام کے لیے سہولت اور آسودگی کا ذریعہ بن سکیں۔

انہوں نے بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری عہدے اور عوامی ذمہ داریاں امانت ہیں، جن کا تقاضا ہے کہ ہر سطح پر جواب دہی، دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کو مقدم رکھا جائے۔ ان کے مطابق حقیقی حکمرانی کا معیار صرف ترقیاتی بجٹ اور سرکاری اخراجات نہیں بلکہ ان کے نتیجے میں عام لوگوں کو حاصل ہونے والی سہولیات اور ان کی زندگیوں میں آنے والی مثبت تبدیلی ہے۔

آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے خطاب کے اختتام پر عالمِ اسلام کی سربلندی، بیماروں کی شفایابی، مؤمنین کی مشکلات کے ازالے، رزقِ حلال میں برکت اور تمام اہلِ ایمان کی دینی و دنیوی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha